31 جولائی 2024 - 09:36
اسماعیل ہنیہ پر کی شہادت پر حماس کا بیان / عالمی رد عمل / اسلامی جمہوریہ ایران کی کابینہ کا تین روزہ سوگ کا اعلان

حماس نے تہران میں اپنے راہنما ڈاکٹر اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر بیان جاری کیا ہے جبکہ حماس کے دوسرے راہنماؤں نیز جہاد اسلامی تحریک نے بھی اس واقعے پر رد عمل ظاہر کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق، حرکۃ المقاومۃالاسلامیہ "حماس" نے تہران میں اپنے راہنما ڈاکٹر اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر بیان جاری کیا ہے۔  جس کا متن درج ذیل ہے:

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ

وَلَا تَحْسَبَنَّ الَّذِينَ قُتِلُوا فِي سَبِيلِ اللَّهِ أَمْوَاتًا بَلْ أَحْيَاءٌ عِنْدَ رَبِّهِمْ يُرْزَقُونَ

اور انہیں جو اللہ کی راہ میں مارے گئے ہیں، ہر گز مردہ نہ سمجھو بلکہ وہ زندہ ہیں، اپنے پروردگار کے یہاں رزق پاتے ہیں۔

برادر، قائد مجاہد شہید، اسماعیل ہنیہ، تحریک کے قائد، ایران کے نئے صدر کی تقریب حلف برداری کے بعد تہران میں اپنی قیام گاہ پر صہیونیوں کی خائنانہ جارحیت کے نتیجے میں جام شہادت نوش کر گئے ہیں۔

إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ

جہاد، یا تو فتح و نصرت ہے یا پھر شہادت

حرکۃ المقاومۃ الاسلامیہ ـ حماس

بدھ، 25 محرم الحرام 1446ھ بمطابق 31 جولائی 2024ع‍

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

حماس کے راہنماؤں کا رد عمل

اسماعیل ہنیہ کی شہادت بلا جواب نہیں رہے گی۔ موسیٰ ابو مرزق

حماس کے سینیئر راہنما موسیٰ ابو مرزق نے کہا کہ صہیونی دشمن نے اسماعیل ہنیہ کے بزدلانہ دہشت گردی کا نشانہ بنایا اور دشمن کی یہ حرکت بلا جواب نہیں رہے گی۔

ہم ہر قیمت ادا کرنے کے لئے تیار ہیں۔ سامی ابو زہری

حماس کے دوسرے راہنما سامی ابو زہری اسماعیل ہنیہ پر دہشت گردانہ حملے اور ان کی شہادت پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا: ہم قدس کی آزادی کے لئے جاری جنگ میں مصروف عمل ہیں اور اس راستے میں ہر قسم کی قیمت ادا کرنے کے لئے تیار ہیں۔

فلسطین میں عام ہڑتال کی کال

حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ ڈاکٹر اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر مختلف فلسطینی جماعتوں اور تحریکوں نے ملک گیر ہڑتال کی کال دی ہے۔

فلسطین سے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے رپورٹ دی ہے کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر عام ہڑتال اور غاصب صہیونی ریاست کے خلاف سرگرمیوں میں شدت لانے کی مختلف النوع کالیں آ رہی ہیں۔

صدر اسلامی جمہوریہ ڈاکٹر مسعود پزشکیان، حزب الله لبنان، جہاد اسلامی فلسطین اور انصار اللہ یمن، فلسطینی اتھارٹی کے محمود عباس، تحریک مجاہدین فلسطین، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان، ایران کے نائب صدر ڈاکٹر محمد رضا عارف، افغان طالبان کے راہنما انس حقانی اور ترجمان ذبیح اللہ مجاہد، فلسطینی مقاومتی کمیٹیوں، عراق کی مقاومتی تحریک عصائب اہل الحق کے قائد شیخ قیس الخزعلی، عراق کے "حکمت ملی" کے سربراہ سید عمار الحکیم، ترکیہ کی وزارت خارجہ نیز ترک پارلیمنٹ کے اسپیکر، روسی وزارت خارجہ نیز تہران میں روسی سفارتخانے ۔۔۔ نے غاصب یہودی ریاست کے اس بزدلانہ حملے کی مذمت کی ہے۔

مذمتی بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔

واضخ رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی کابینہ نے شہید اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔

110